جدہ(نمائندہ خصوصی)وزیرِ اعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئےجہاں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گورنر جدہ نے ان کا استقبال کیا۔وزیراعظم ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کرینگے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق وزیرِ اعظم 18 اپریل تک سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کا سرکاری دورہ کریں گے، جس میں سعودی عرب اور قطر کے دورے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امن پر مرکوز ہوں گے۔وزیرِ اعظم کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی روانہ ہوئے ہیں۔
ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم سعودی عرب اور قطر کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دو طرفہ تعاون کے ساتھ ساتھ علاقائی امن و سلامتی پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کے لیے ترکیہ کا بھی دورہ کریں گے، جہاں ان کی ترک صدر رجب طیب اردوان اور دیگر عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

