دبئی اسٹاک مارکیٹ نے ایران جنگ کے دوران ہونیوالے نقصانات پورے کرلئے:بلومبرگ

دبئی (بلومبرگ) دبئی کی اسٹاک مارکیٹ نے ایران جنگ کے آغاز کے بعد ہونے والی تمام گراوٹ کی تلافی کرلی اور حصص کی قیمتیں جنگ سے پہلے کی سطح سے بھی تجاوز کرگئیں۔ نومبر میں غیر معمولی تیزی کے باعث دبئی کی مالیاتی منڈی خلیجی خطے کی بہترین کارکردگی دکھانے والی منڈیوں میں شامل ہوگئی۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق دبئی مالیاتی منڈی کا عمومی اشاریہ جمعہ 27 نومبر کو 1.4 فیصد اضافے کے ساتھ 6 ہزار 575 پوائنٹس پر بند ہوا، جو 27 فروری کو جنگ شروع ہونے سے قبل کی 6 ہزار 503 پوائنٹس کی سطح سے زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق نومبر کے دوران دبئی اسٹاک مارکیٹ میں تقریباً 14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو اپریل 2020ء کے بعد کسی ایک ماہ میں سب سے بڑا اضافہ ہے۔ اس تیزی کے نتیجے میں دبئی کی مارکیٹ خلیجی خطے میں سال 2026ء کی دوسری بہترین کارکردگی دکھانے والی اسٹاک مارکیٹ بن گئی، جبکہ پہلے نمبر پر عمان رہا۔

ایران جنگ کے ابتدائی دنوں میں دبئی کا اسٹاک مارکیٹ اشاریہ شدید دباؤ کا شکار ہوا تھا اور مارچ کے وسط میں 5 ہزار 300 پوائنٹس سے بھی نیچے آگیا تھا۔ تاہم بعد ازاں حکومتی اقدامات، مقامی معیشت میں بہتری اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی واپسی نے مارکیٹ کو سہارا دیا۔

اسٹاک مارکیٹ میں حالیہ تیزی کی بڑی وجوہات میں بینکنگ اور جائیداد کے شعبوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ شامل ہے۔ ایمار پراپرٹیز، دبئی اسلامک بینک اور ایمریٹس این بی ڈی سمیت بڑی کمپنیوں کے حصص میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ عالمی مالیاتی اداروں نے بھی متحدہ عرب امارات کی معیشت اور اسٹاک مارکیٹ کے بارے میں اپنے اندازے بہتر کیے ہیں۔ جے پی مورگن نے رواں ماہ متحدہ عرب امارات کے حصص سے متعلق اپنی سرمایہ کاری کی درجہ بندی غیر جانب دار سے بڑھا کر زیادہ سرمایہ کاری کے حق میں کردی، جبکہ مورگن اسٹینلے نے بھی اپنی پیش گوئیوں میں بہتری کی۔

مالیاتی ماہرین کے مطابق حکومتی اخراجات، کاروباری اداروں کے لیے مالی سہولتیں، غیر ملکی سرمایہ کاری کی واپسی اور دبئی میں آبادی و کاروباری سرگرمیوں میں اضافے نے مارکیٹ کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا۔

تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ خطے میں کشیدگی اور جنگ کے دوبارہ شدت اختیار کرنے کا خدشہ بدستور موجود ہے۔ دبئی کی معیشت کا اہم انحصار سیاحت، تجارت اور غیر ملکی سرمایہ کاری پر ہے، اس لیے علاقائی حالات میں خرابی اسٹاک مارکیٹ کی موجودہ تیزی کو متاثر کرسکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دبئی اسٹاک مارکیٹ کی جنگ سے پہلے کی سطح پر واپسی مکمل بحالی کی علامت ہے، تاہم اسے جنگ سے پہلے کی بلند ترین سطح پر واپسی قرار نہیں دیا جاسکتا۔