انورنیس(برطانوی میڈیا)دبئی کے حکمراں، متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم اپنی 77ویں سالگرہ کی تقریبات منانے کیلئےاسکاٹ لینڈ پہنچ گئے، جہاں وہ اپنی 63 ہزار ایکڑ پر مشتمل انویرینیٹ اسٹیٹ میں قیام کریں گے۔ ان کی سالگرہ کی تقریبات آئندہ ہفتے شیڈول ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق شیخ محمد بن راشد آل مکتوم انورنیس ایئرپورٹ پہنچے، جہاں ابتدائی طور پر وہ سنجیدہ انداز میں دکھائی دیے، تاہم بعد ازاں انہیں اہلِ خانہ اور قریبی ساتھیوں کے ہمراہ اسکاٹ لینڈ کے پہاڑی علاقوں میں چہل قدمی کرتے بھی دیکھا گیا۔
رپورٹس کے مطابق ان کے ہمراہ ایک نجی طیارہ، تین ہیلی کاپٹر اور تقریباً 60 گاڑیوں پر مشتمل سیکیورٹی اور سفری قافلہ موجود ہے، جس میں متعدد رینج روورز، مرسڈیز گاڑیاں اور عملے کی گاڑیاں شامل ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انہوں نے علاقے میں اس قدر بڑی تعداد میں سیکیورٹی گاڑیاں پہلے کبھی نہیں دیکھیں۔
انویرینیٹ اسٹیٹ، جو لوخ ڈوئچ کے کنارے واقع ہے، میں متعدد رہائشی عمارتیں، لاجز اور تین ہیلی پیڈ موجود ہیں۔ گزشتہ برس اس اسٹیٹ پر مزید رہائشی عمارتوں کی تعمیر کی منظوری بھی دی گئی تھی، جس کے بعد بعض مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ اسٹیٹ اب ایک “چھوٹے گاؤں” کی شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔
شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے دبئی کی جدید ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کے دور میں برج خلیفہ، دبئی مال اور دبئی میٹرو جیسے بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے، جبکہ وہ امارات ایئرلائن کے بانی بھی ہیں۔

