دشمن کو مکمل سبق نہ دیا تو وہ دوبارہ حملہ کرے گا:ایرانی فوج

تہران (رائٹرز، عرب میڈیا) ایرانی فوج نے کہا ہے کہ اگر دشمن کو سخت اور مکمل سبق نہ دیا گیا تو وہ دوبارہ حملہ کرے گا، جبکہ امریکا کی معاونت کرنے والے ممالک کو بھی آبنائے ہرمز کے استعمال میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ ایران کے خلاف استعمال ہونے والا جنگی سامان آبنائے ہرمز کے ذریعے لانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ تعاون کرنے والے ممالک کیلئے بھی آبنائے ہرمز کا استعمال دشوار بنایا جا سکتا ہے۔

ادھر امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے کہا ہے کہ امریکی مشرقی وقت کے مطابق ہفتے کی رات 10 بجے ایران کے خلاف مسلسل نویں رات بھی فضائی کارروائیاں کی گئیں۔

سینٹکام کے مطابق ان حملوں میں ایرانی فوج کے کمانڈ سینٹرز، فضائی دفاعی نظام، ساحلی نگرانی کے مراکز، بحری صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون لانچنگ سائٹس اور مواصلاتی نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اردن کے عقبہ ایئرپورٹ پر موجود امریکی فوج کے سی-17 ٹرانسپورٹ طیاروں اور پی-8 نگرانی طیاروں پر بیلسٹک میزائل حملے کیے، جن کے نتیجے میں متعدد طیاروں کو شدید نقصان پہنچا۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اردن کے موفق السلطی ایئر بیس پر امریکی افواج کے زیرِ استعمال 20 ہینگرز تباہ کر دیے گئے ہیں۔

پاسدارانِ انقلاب نے ایک اور بیان میں کہا کہ کویت کے علی السالم ایئر بیس پر موجود امریکی فوجی تنصیبات کو بھی میزائل حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔واضح رہے کہ ایران کے ان دعوؤں کی آزاد ذرائع یا امریکی حکام کی جانب سے تاحال تصدیق نہیں کی گئی۔