دشمنوں کا غصہ ایران کیخلاف ناکام منصوبوں کا عکاس ہے:باقر قالیباف

تہران(ایرانی سرکاری میڈیا، رائٹرز، اے ایف پی)ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ دشمنوں کا غصہ ایران کے خلاف ناکام منصوبوں کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے اسرائیلی وزیر کی جانب سے ایرانی رہبر اعلیٰ کو نشانہ بنانے اور ایران کو تباہ کرنے کی دھمکی کے جواب میں کہا کہ ایسے بیانات دراصل ناکامی اور غصے کی علامت ہیں۔

قالیباف کے مطابق اسرائیلی وزیر اسی غصے میں مر جائیں گے، جبکہ انہوں نے ایران کے اعلیٰ فوجی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی وصیت کا حوالہ بھی دیا۔انہوں نے کہا کہ وصیت میں درج تھا کہ علی خامنہ ای انہیں زندگی سے زیادہ عزیز ہیں۔ایرانی اسپیکر نے مزید کہا کہ نوجوان مجاہدین کا عزم ہے کہ وہ ہر محاذ پر لڑتے رہیں گے تاکہ رہبر اعلیٰ کا پیغام آگے بڑھتا رہے۔