ریاض( سعودی وزارت دفاع، بلوم برگ، رائٹرز، اے ایف پی)پاکستان کا فوجی دستہ اسٹریٹیجک دفاعی معاہدے کے تحت کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پہنچ گیا ہے۔سعودی وزارت دفاع کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا ایک فوجی دستہ دو طرفہ اسٹریٹیجک دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں واقع ایئر بیس پر پہنچا ہے۔
سعودی وزارت دفاع کے مطابق یہ پاکستانی دستہ پاک فضائیہ کے لڑاکا اور معاون طیاروں پر مشتمل ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کی افواج کے درمیان فوجی تعاون کو مضبوط بنانا، عملی تیاری کی سطح کو بلند کرنا اور علاقائی و عالمی سطح پر امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر 2025 میں ریاض میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی دفاعی معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت کو دونوں کے خلاف تصور کیا جائے گا۔
اس معاہدے پر محمد بن سلمان اور شہباز شریف نے دستخط کیے تھے، جس کا مقصد دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور مشترکہ دفاع کو مضبوط بنانا ہے۔بلوم برگ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں ایران کی جانب سے ممکنہ جوابی اقدامات کے تناظر میں دونوں ممالک اس معاہدے پر پیش رفت کے لیے متعدد ملاقاتیں بھی کر چکے ہیں۔

