دمشق( عرب میڈیا، ایمبولینس سروس)شام کے دارالحکومت دمشق میں ایک ریسٹورنٹ میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک جبکہ 16 زخمی ہو گئے۔عرب میڈیا اور ایمبولینس سروس کے مطابق دھماکا شہر کے اس علاقے میں ہوا جہاں عدالتِ عظمیٰ اور تاریخی حمادیہ مارکیٹ واقع ہیں۔
رپورٹس کے مطابق دھماکا ایک کیفے میں نصب بم پھٹنے سے ہوا، جس کے باعث ریسٹورنٹ کو شدید نقصان پہنچا اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔حکام کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔تاحال کسی تنظیم یا گروہ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

