کراچی / اسلام آباد / لاہور (نمائنگان)چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا ہے کہ ذی الحجہ کا چاند نظر آ گیا ہے، کل یکم ذی الحجہ ہوگی اور عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی۔
مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت کراچی میں ہوا۔ اجلاس میں مرکزی اور زونل رویتِ ہلال کمیٹی کے ارکان، محکمہ موسمیات اور سپارکو کے ماہرین شریک تھے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں چاند نظر آنے سے متعلق شہادتوں کی تصدیق کے بعد عیدالاضحیٰ کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔
دوسری جانب وزارتِ مذہبی امور کی زونل رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس کی صدارت مفتی ضمیر احمد ساجد نے کی۔ اجلاس میں اسلام آباد سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔زونل کمیٹی نے اپنی رپورٹ مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کو ارسال کر دی۔
ادھر لاہور میں بھی زونل رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس ایوانِ اوقاف میں ہوا جس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل اوقاف حافظ انیس الرحمٰن نے کی۔ اجلاس میں چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں مرکزی کمیٹی کو بھجوائی گئیں۔مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی نے تمام شہادتوں اور شواہد کا جائزہ لینے کے بعد عیدالاضحیٰ کا اعلان کیا۔

