دوحہ( عرب میڈیا، قطری وزارتِ توانائی)قطر کے وزیر توانائی سعد الکعبی نے کہا ہے کہ راس لفان گیس کمپلیکس میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق جبکہ 66 زخمی ہوئے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق دوحہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعد الکعبی نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں پاکستان اور بھارت کے شہری شامل ہیں۔
قطری وزیر توانائی کے مطابق زخمیوں میں قطر، پاکستان، بھارت، نیپال، بنگلادیش، کینیا، تنزانیہ، گنی اور نائجیریا کے شہری شامل ہیں، جنہیں علاج کے لیے مقامی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔سعد الکعبی نے کہا کہ راس لفان میں پیش آنے والا واقعہ ایک حادثہ تھا، اس کا تعلق کسی جارحیت یا تخریب کاری سے نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حادثے کے باوجود قطر کی گیس برآمدات اور ملکی ضروریات متاثر نہیں ہوں گی، کیونکہ ملک کے پاس مقامی استعمال کیلئےگیس کے وافر ذخائر موجود ہیں۔قطری وزیر توانائی کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی جائزوں کے مطابق حادثے سے ماحولیات پر کسی منفی اثرات کا خدشہ نہیں ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔

