راولپنڈی (نامہ نگار) اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے فیملی ارکان اور وکلا کو ملاقات کی اجازت نہ مل سکی جبکہ بشریٰ بی بی کی فیملی کا کوئی فرد ملاقات کیلئے نہیں پہنچا۔ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان اور نورین نیازی ملاقات کے لیے آئیں، جبکہ تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا بھی ان کے ہمراہ گورکھپور ناکے پر موجود تھے، تاہم پولیس نے انہیں وہیں روک دیا۔
میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا کہ عید گزر گئی مگر ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، فیملی کو بتائے بغیر اسپتال لے جایا جاتا ہے، علاج سے متعلق آگاہی دی جانی چاہیے۔
نورین نیازی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی بے گناہ قید ہیں اور ان پر ظلم کیا جا رہا ہے، اس کا حساب لیا جائے گا۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ وہ حکومت کی پالیسی کے خلاف کھڑے ہیں اور قانونی راستہ اختیار کرتے رہیں گے، ہر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹاتے رہیں گے تاکہ حقوق بحال کرائے جا سکیں۔

