روس ایران تنازع کے حل اور خطے میں امن کیلئے ثالثی پر تیارہے: کریملن

ماسکو (خبر ایجنسیاں)روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ روس ایران تنازع کے حل اور خطے میں امن کے قیام کیلئے ثالثی کرنے کو تیار ہے۔روسی حکام کے مطابق ماسکو ایران کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے اور خطے کے ممالک کے مفادات کے تحفظ کیلئےہر ممکن کردار ادا کریگا۔

ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔روسی صدر نے اس موقع پر کہا کہ انہیں ایران کے سپریم لیڈر کا پیغام موصول ہوا ہے اور وہ ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایرانی عوام اس مشکل دور سے جلد نکل آئیں گے اور خطے میں امن قائم ہوگا۔عباس عراقچی نے اس موقع پر کہا کہ ایران اور روس کے تعلقات اسٹریٹجک شراکت داری پر مبنی ہیں جو مزید مضبوط ہو رہے ہیں، اور انہوں نے روسی حمایت پر صدر پیوٹن کا شکریہ بھی ادا کیا۔