لاس اینجلس(سپورٹس ڈیسک)دنیا کے معروف یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے پرتگال کے سپر اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ مشترکہ ویڈیو کی شوٹنگ کا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ رونالڈو نے انہیں توقع سے کہیں زیادہ وقت دیا اور بعد ازاں اپنے گھر بھی مدعو کیا۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مسٹر بیسٹ نے بتایا کہ شوٹنگ سے قبل انہیں لگتا تھا کہ رونالڈو کے انتہائی مصروف شیڈول کے باعث انہیں صرف چند منٹ ہی مل سکیں گے، اسی لئے انہوں نے پوری ویڈیو کا تصور محدود وقت کو سامنے رکھتے ہوئے تیار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ رونالڈو کے وقت کا مکمل احترام کرنا چاہتے تھے اور کوشش کر رہے تھے کہ شوٹنگ جلد مکمل ہو جائے، تاہم عملی تجربہ ان کی توقعات سے بالکل مختلف ثابت ہوا۔مسٹر بیسٹ کے مطابق رونالڈو نے خود کہا کہ جتنا وقت درکار ہو اتنا لیا جائے تاکہ معیاری مواد تیار کیا جا سکے اور کسی قسم کی جلد بازی نہ ہو۔
انہوں نے بتایا کہ یہ مشترکہ منصوبہ بعد ازاں 2024ء کے سب سے بڑے آن لائن منصوبوں میں شمار ہوا، جس میں رونالڈو کی ویڈیو “آئی میٹ مسٹر بیسٹ ٹو بریک دی انٹرنیٹ” اور مسٹر بیسٹ کی ویڈیو “بیٹ رونالڈو، وِن 10 لاکھ ڈالرز” شامل تھیں۔
ان کے مطابق یہ ویڈیوز نہ صرف دنیا بھر میں وائرل ہوئیں بلکہ رونالڈو کے یوٹیوب چینل کی ابتدائی مقبولیت میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
مسٹر بیسٹ نے مزید بتایا کہ سب سے حیران کن لمحہ اس وقت آیا جب شوٹنگ کے بعد رونالڈو نے انہیں اپنے گھر آنے کی دعوت دی۔ ان کے بقول انہوں نے کئی بار کہا کہ رونالڈو مزید وقت نہ دیں لیکن فٹبال اسٹار نے اصرار کیا کہ وہ بغیر کیمروں اور ریکارڈنگ کے صرف دوستانہ ماحول میں وقت گزاریں۔
انہوں نے کہا کہ اس ملاقات کے دوران دونوں نے غیر رسمی انداز میں گفتگو کی اور ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارا۔مسٹر بیسٹ نے کرسٹیانو رونالڈو کو نہایت خوش اخلاق اور مہمان نواز شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حقیقی ملاقات کے بعد ان کے بارے میں ان کا تاثر مکمل طور پر مثبت انداز میں بدل گیا۔

