زمین کے تنازع پر حافظ آباد میں دہرا قتل، بیٹوں نے باپ اور صلح کرانے آئے دوست کو مار ڈالا

حافظ آباد (نامہ نگار) پنجاب کے شہر حافظ آباد کے علاقے کولو تارڑ میں زمین کے تنازع پر 2 بیٹوں نے کلہاڑیوں کے پے در پے وار کرکے اپنے باپ محمد صدیق اور اس کے دوست نذیر احمد ہنجرا کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق محمد صدیق کا اپنے بیٹوں کے ساتھ زمین کے معاملے پر تنازع چل رہا تھا۔ نذیر احمد ہنجرا دونوں فریقین کے درمیان صلح کرانے کیلئے محمد صدیق کے ڈیرے پر آئے ہوئے تھے کہ اس دوران دونوں کو قتل کردیا گیا۔

واردات کے بعد دونوں ملزمان فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی۔ڈی پی او فواد احمد نے دہرے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کیلئےپولیس ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کیلئے کارروائی جاری ہے۔