سان ڈیاگو: مسجد میں 2 کم عمر حملہ آورلڑکوں کی فائرنگ، 3 افراد جاں بحق

سان ڈیاگو (سی این این، رائٹرز، ایسوسی ایٹڈ پریس)امریکی ریاست سان ڈیاگو کی سب سے بڑی مسجد اسلامک سینٹر آف سان ڈیاگو میں فائرنگ کے واقعے میں سیکیورٹی گارڈ سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حملہ آور 2 کم عمر لڑکے تھے جن کی لاشیں مسجد کے قریب ایک گاڑی سے ملی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں ظاہر ہوا ہے کہ دونوں نے خود کو گولیاں مار کر خودکشی کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی نفرت انگیز جرم کے طور پر تحقیقات جاری ہیں۔ ایک حملہ آور اپنے والدین کے گھر سے 3 ہتھیار لے کر نکلا تھا جبکہ ایک ہتھیار پر نفرت انگیز جملے لکھے ہوئے تھے۔ پولیس کو ایک خودکشی نوٹ بھی ملا ہے جس میں نسلی برتری سے متعلق تحریریں موجود تھیں۔

پولیس کے مطابق صبح 9 بج کر 42 منٹ پر ایک خاتون نے اپنے بیٹے کی گمشدگی کی اطلاع دی اور بتایا کہ گھر سے اسلحہ اور گاڑی غائب ہے۔بعد ازاں 11 بج کر 43 منٹ پر مسجد میں فائرنگ کی اطلاع ملی جس پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور سرچ آپریشن شروع کیا۔اسی دوران مسجد سے کچھ فاصلے پر ایک مالی پر بھی فائرنگ کی گئی تاہم وہ محفوظ رہا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔