سرگودھا : جے یو آئی کا جلسہ، پولیس کا کریک ڈاؤن، مولانا عبدالغفور حیدری سمیت 3 رہنما گرفتار

اسپیکر قومی اسمبلی کی اجازت کے بغیر رکن اسمبلی کی گرفتاری غیر آئینی ہے
رہنماؤں کو فوری رہا نہ کیا گیا تو حالات کی ذمہ دار حکومت ہوگی، ترجمان اسلم غوری

سرگودھا / لاہور (نمائندہ خصوصی / بیورو رپورٹ)پنجاب پولیس نے سرگودھا میں ہونے والے جلسے کے دوران کارروائی کرتے ہوئے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری سمیت پارٹی کے تین اہم رہنماؤں کو حراست میں لے لیا ہے۔

جمیعت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان اسلم غوری کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری، جے یو آئی پنجاب کے امیر مولانا امجد خان اور جمیعت طلبہ اسلام (جے ٹی آئی) کے مرکزی صدر ملک اویس کو گرفتار کیا ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے پارٹی کے دیگر مقامی و صوبائی عہدیداران کی گرفتاری کیلئے ان کے گھروں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

گرفتاریوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا کہ مولانا عبدالغفور حیدری ایک حاضر سروس رکن قومی اسمبلی ہیں، لہٰذا یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا ان کی گرفتاری سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی سے باقاعدہ اجازت حاصل کی گئی ہے؟ انہوں نے بغیر وارنٹ گرفتاریوں کو جمہوری روایات اور قانون کے منافی قرار دیا۔

اسلم غوری نے پنجاب حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو فی الفور رہا نہ کیا گیا تو اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حراست کے دوران مولانا عبدالغفور حیدری کی صحت کو کسی قسم کا نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ دار بھی حکومت ہوگی۔

ترجمان نے صوبائی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب خود تو جلسے جلوس کر رہی ہیں لیکن اپوزیشن جماعتوں کو آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر پُرامن سیاسی سرگرمیوں سے روکا جا رہا ہے۔دوسری جانب اس کارروائی اور گرفتاریوں کے حوالے سے پنجاب پولیس یا صوبائی حکومت کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔