سود سے پاک حج سیونگ پلان متعارف کرانے کی تیاری، وزیراعظم کی منظوری

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزارتِ مذہبی امور، وزارتِ خزانہ اور قومی بچت کے اشتراک سے سود سے پاک حج سیونگ پلان متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد اس منصوبے پر کام جاری ہے۔

ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق سیکرٹری مذہبی امور کی زیرِ صدارت وزارتِ خزانہ اور مرکزی قومی بچت کے نمائندوں کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں حج سیونگ پلان سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔

منصوبے کے تحت عازمینِ حج ڈیجیٹل ذرائع سے ہر ماہ رقم جمع کرا سکیں گے۔ اس کے علاوہ بچت کی مدت منتخب کرنے اور خاندان کے افراد کو رقم منتقل کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ترجمان کے مطابق حج سیونگ پلان کے طریقۂ کار اور دیگر تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔