سیاسی ری سیٹ یا نیا اَپ سیٹ؟

پاکستان کا سیاسی اور ادارہ جاتی بحران ایک عجیب تماشہ بن چکا ہے۔ ہر فریق خود کو مسئلے کا حل اور دوسروں کو مسئلے کی جڑ سمجھتا ہے۔ سیاستدان ایک دوسرے کو کوستے ہیں، کبھی چور، ڈاکو، کبھی غدار اور کبھی ملک دشمن قرار دیتے ہیں، لیکن ملک کے مستقبل پر ایک میز پر بیٹھنے کو تیار نہیں۔ اپنے اختلافات خود حل کرنے کے بجائے توقع رکھتے ہیں کہ فوج یا عدلیہ ان کی سیاسی گتھیاں سلجھائے۔ فیصلہ حق میں آئے تو دانش مندی، خلاف آئے تو مداخلت! لیکن ذمہ داری صرف سیاستدانوں پر عائد نہیں ہوتی۔ طاقتور ادارے بھی اپنے کردار اور آئینی حدود سے متعلق سوالات سے بری الذمہ نہیں ہوسکتے۔ فوج کو سیاست میں بار بار مداخلت کے الزامات، عدلیہ کو انصاف کی فراہمی میں تاخیر اور ناانصافی کی شکایات، انتظامیہ کو ناقص کارکردگی اور میڈیا کو جانبداری اور غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل پر اٹھنے والے سوالات کا جواب دینا ہوگا۔ سب دوسروں سے جواب طلب کرتے ہیں، مگر اپنے حصے کی ذمہ داری قبول کرنے کو کون تیار ہے؟ یہی وہ بنیادی سوال ہے جس کا جواب تلاش کیے بغیر کسی سیاسی یا ادارہ جاتی ری سیٹ کی بات محض ایک اور خوش نما نعرہ ہوگی۔

کراچی پریس کلب میں بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب پر سیاسی حلقوں میں بحث جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام خود تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کیا گیا ہے اور اس کا علاج سیاسی ری سیٹ میں ہے۔ انہوں نے پارلیمان پر عدم اعتماد، سیاسی انتقام، عدلیہ کی آزادی، صحافتی دباؤ، صوبائی حقوق اور معاشی مشکلات کا ذکر کیا اور نظام کی خرابی میں اپنی ذمہ داری بھی تسلیم کی۔ یہ اعتراف اہم ہے، لیکن مسائل کی تشخیص ہی ان کا علاج نہیں۔ پیپلز پارٹی سمیت ہر جماعت کو واضح کرنا ہوگا کہ اس کے بنیادی اصول کیا ہیں، ان پر عمل کیسے ہوگا اور وہ اقتدار کی مصلحتوں کے باوجود ان پر کس حد تک قائم رہنے کو تیار ہے۔

ہماری سیاست کا المیہ یہ ہے کہ اقتدار اور اپوزیشن کی جگہ بدلتے ہی آئینی اصولوں کی تشریح بھی بدل جاتی ہے۔ کل جس فیصلے کو جبر کہا جاتا تھا، آج اسی کا دفاع کیا جاتا ہے۔ حکمتِ عملی بدلنا سیاست کا حصہ ہے، مگر بنیادی اصول موسم کے ساتھ بدلتے رہیں تو عوام کس پر اعتماد کریں؟ اصلاح کا آغاز سیاستدانوں کو اپنے رویوں اور اپنی جماعتوں سے کرنا ہوگا۔ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام سیاسی قیادت کھلے دل سے ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھے اور بامقصد مذاکرات کے ذریعے مستقبل کے لیے ٹھوس لائحہ عمل طے کرے۔

مئی 2006 میں محترمہ بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کے درمیان میثاقِ جمہوریت اسی سمت ایک تاریخی کوشش تھی۔ اس میں آزاد عدلیہ، غیر جانب دار انتظامیہ، آزاد میڈیا، صوبائی خودمختاری اور غیر آئینی مداخلت سے گریز جیسے اصول شامل تھے۔ بعض اہداف حاصل ہوئے، لیکن سیاسی محاذ آرائی برقرار رہی۔ نئے میثاق سے پہلے یہ جائزہ لینا ضروری ہے کہ پرانے وعدے کیوں ادھورے رہ گئے۔ ورنہ نیا معاہدہ بھی محض ایک یادگاری تصویر بن کر رہ جائے گا۔

پیپلز پارٹی سے یہ سوال خاص طور پر بنتا ہے کہ ستائیسویں آئینی ترمیم کی حمایت اور اب اس کی منظوری کے طریقۂ کار پر تنقید کے درمیان اس کا واضح مؤقف کیا ہے؟ وہ کن شقوں میں تبدیلی چاہتی ہے اور اس کے لیے پارلیمان میں کیا عملی قدم اٹھائے گی؟ یہی معیار مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف اور دوسری جماعتوں کے فیصلوں پر بھی لاگو ہونا چاہیے۔ سیاسی دیانت داری کا تقاضا ہے کہ ہر جماعت دوسروں کے ساتھ اپنے کردار کا بھی محاسبہ کرے۔

پہلا عملی قدم حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بامقصد مذاکرات ہوں، جن میں اہم پارلیمانی اور علاقائی جماعتیں شریک ہوں۔ ایجنڈا کسی حکومت کو گرانا یا بچانا نہیں بلکہ مستقبل کے لیے مشترکہ جمہوری اصول طے کرنا ہو۔ ایک مقررہ مدت میں تحریری مسودہ سامنے آئے جس میں انتخابی شفافیت، اقتدار کی پُرامن منتقلی، سیاسی مقدمات میں قانون کا یکساں اطلاق، احتجاج کا حق اور ریاستی وسائل کے جماعتی استعمال کی ممانعت جیسے امور شامل ہوں۔ اختلافی نکات عوام سے پوشیدہ نہ رکھے جائیں اور سول سوسائٹی کی تجاویز کو بھی مناسب اہمیت دی جائے۔

لیکن صرف سیاسی اتفاقِ رائے کافی نہیں۔ آئین میں اداروں کے اختیارات کی بنیادی حدود پہلے ہی متعین ہیں؛ خرابی محض قواعد کی کمی نہیں بلکہ ان کے احترام، نفاذ اور خلاف ورزی پر جواب دہی کے فقدان میں ہے۔ اس لیے ری سیٹ کا مطلب آئین سے بالاتر کوئی نیا طاقتور فورم بنانا نہیں، بلکہ موجودہ آئینی نظام کو مؤثر اور قابلِ عمل بنانا ہونا چاہیے۔

فوج کی بنیادی ذمہ داری قومی دفاع اور قانون کے مطابق سول حکومت کی معاونت ہے؛ سیاسی حکومت کی تشکیل منتخب نمائندوں کا کام ہے۔ قومی سلامتی کے معاملات میں عسکری قیادت کی پیشہ ورانہ رائے ضروری ہے، مگر سیاسی اختیار اور جواب دہی آئینی حکومت کے پاس ہونی چاہیے۔ دوسری طرف سیاستدانوں کو بھی اقتدار کے حصول یا مخالفین کو کمزور کرنے کے لیے غیر آئینی پشت پناہی تلاش کرنے کی روش ترک کرنا ہوگی۔ اس مقصد کے لیے مؤثر پارلیمانی نگرانی ناگزیر ہے۔

عدلیہ کا فرض قانون کی تشریح، بنیادی حقوق کا تحفظ اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی ہے، انتظامی حکومت چلانا نہیں۔ اس کی آزادی پر دباؤ ناقابلِ قبول ہونا چاہیے، لیکن مقدمات میں غیر ضروری تاخیر، ججوں کی تقرریوں اور عدالتی احتساب کے طریقۂ کار میں شفاف اصلاحات بھی ضروری ہیں۔ پارلیمان قانون سازی کرے اور عدالتیں آئینی حدود میں اس کا جائزہ لیں۔ آزادی اور جواب دہی کو ایک دوسرے کی ضد بنا دینا دونوں کو کمزور کرتا ہے۔

انتظامیہ کو میرٹ، قانون اور عوامی خدمت کا پابند بنایا جائے، شخصی یا جماعتی وفاداری کا نہیں۔ میڈیا کی آزادی محفوظ ہو، لیکن خبر اور رائے میں فرق، الزامات کی تصدیق، غلطی کی اصلاح اور متاثرہ فرد کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دینا بھی پیشہ ورانہ ذمہ داری سمجھی جائے۔ حکومت میڈیا کی آزادی سلب نہ کرے اور میڈیا بھی کسی سیاسی یا طاقتور حلقے کے مفادات اور کردار کشی کی مہم کا آلہ کار نہ بنے۔

سیاسی اور ادارہ جاتی میثاق کا ایک بنیادی اصول کردار کشی سے گریز ہونا چاہیے۔ سیاسی مخالفین، ججوں، فوجی افسروں، سرکاری ملازمین اور صحافیوں کے خلاف بے ثبوت الزامات، غداری کے فتووں اور ذاتی تضحیک کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ تاہم شائستگی کو احتساب سے استثنا کا ذریعہ بھی نہ بنایا جائے۔ فیصلوں پر سخت تنقید، بدعنوانی کی تحقیقات اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر قانونی کارروائی ضرور ہو، لیکن کسی شخص کے قصوروار ہونے کا فیصلہ اشتعال انگیز تقریروں یا میڈیا ٹرائل کے بجائے ثبوت اور قانون کی بنیاد پر کیا جائے۔ سیاسی قیادت اپنے کارکنوں اور ترجمانوں کو بھی اس اصول کا پابند بنائے۔

سیاسی جماعتیں اپنے اندر شفاف انتخابات، مالی حسابات، اختلافِ رائے کی گنجائش اور واضح تحریری پالیسی متعارف کرائیں۔ مؤقف میں تبدیلی ضروری ہو تو اس کی وجوہات جماعت کے متعلقہ فورم پر زیرِ بحث آئیں اور عوام کے سامنے رکھی جائیں۔ جو جماعت اپنے اندر جمہوریت نہیں لا سکتی، اس کا قومی سطح پر جمہوری اصلاحات کا دعویٰ کمزور پڑ جاتا ہے۔

عمل درآمد کے لیے پارلیمان میں حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ کمیٹی قائم ہو، جو نوے دن میں قانونی اور انتظامی اصلاحات کی سفارشات، ذمہ دار اداروں اور مقررہ مدت کا تعین کرے۔ متعلقہ اداروں، صحافی تنظیموں، قانونی ماہرین اور سول سوسائٹی سے آئینی دائرے میں مشاورت کی جائے، مگر حتمی قانون سازی منتخب پارلیمان ہی کرے۔ ہر تین ماہ بعد پیش رفت اور وعدوں کی خلاف ورزیوں کی رپورٹ عوام کے سامنے رکھی جائے۔ اصلاحات کی کامیابی کا معیار محض ادارہ جاتی کشمکش میں کمی نہیں بلکہ عام شہری کو بہتر انصاف، تعلیم، علاج اور روزگار کی فراہمی بھی ہونا چاہیے۔

بلاول بھٹو کی تجویز اسی وقت بامعنی ہوگی جب پیپلز پارٹی خود ایک واضح اور قابلِ عمل منصوبہ پیش کرے اور دوسری سیاسی جماعتیں بھی اقتدار میں ہوں یا اپوزیشن میں، انہی اصولوں کی پابندی پر آمادہ ہوں۔

پاکستان کو نئے نظام سے پہلے نئے سیاسی اور ادارہ جاتی رویوں کی ضرورت ہے۔ آئین میں اختیارات کی حدود پہلے ہی متعین ہیں؛ اصل مسئلہ ان حدود کو تسلیم کرنے اور ان کی پابندی کرنے کا ہے۔ جب تک سیاستدان، فوج، عدلیہ، انتظامیہ اور میڈیا اپنے اپنے دائرۂ اختیار، ذمہ داری اور جواب دہی کے اصولوں پر عمل نہیں کرتے، ہر نیا ری سیٹ محض طاقت کی نئی تقسیم ثابت ہوگا۔ چہرے بدلیں گے، اتحاد بدلیں گے، اقتدار کے مراکز بدلیں گے، لیکن نظام نہیں بدلے گا۔ اور اگر نظام نہیں بدلا تو جسے ہم ری سیٹ کا نام دے رہے ہیں، وہ ملک کو ایک اور اَپ سیٹ سے دوچار کرسکتا ہے۔