سینٹکام کی سعودی افواج کے ساتھ ایران پر حملوں کی تصدیق، حشد الشعبی کے 20 اہلکار ہلاک

واشنگٹن/ریاض/بغداد (رائٹرز، سینٹکام، سعودی وزارتِ دفاع، خبر ایجنسیاں)امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے عراق میں ایران نواز مسلح گروہوں کے ٹھکانوں پر سعودی افواج کے ساتھ مشترکہ کارروائی کی تصدیق کر دی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سینٹکام کا کہنا ہے کہ کارروائی ان ڈرون حملوں کے جواب میں کی گئی جن کا الزام ایران نواز گروہوں پر عائد کیا گیا تھا۔

سینٹکام کے مطابق امریکی اور سعودی لڑاکا طیاروں نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مشرقی عراق میں متعدد لاجسٹک مراکز اور اسلحہ کے ذخائر کو نشانہ بنایا۔ امریکی فوج کا دعویٰ ہے کہ یہ گروہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کی ہدایات پر امریکی افواج اور سعودی عرب کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا رہے تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فروری سے اپریل کے دوران عراق میں ایران نواز گروہوں نے امریکی مفادات اور تنصیبات پر 600 سے زائد حملوں کی کوشش کی، جبکہ مزید حملوں کی صورت میں اضافی فوجی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

ادھر سعودی وزارتِ دفاع نے بھی مشترکہ کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام بین الاقوامی قانون کے تحت حقِ دفاع استعمال کرتے ہوئے کیا گیا۔ وزارت کے مطابق سعودی عرب کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا، تاہم ملکی سلامتی، شہریوں اور قومی تنصیبات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

دوسری جانب عراق کے نیم فوجی اتحاد حشد الشعبی (پاپولر موبلائزیشن فورسز) نے تصدیق کی ہے کہ اس کے متعدد ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا۔ تنظیم کے ذرائع کے مطابق نینوا اور بصرہ سمیت مختلف صوبوں میں ہونے والے حملوں میں کم از کم 20 اہلکار ہلاک جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ایرانی ذرائع نے سعودی عرب پر ہونے والے حملوں میں ایران کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔