تہران(ایرانی سرکاری میڈیا، ارنا، تسنیم، مہر نیوز)شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای اور ان کے خاندان کے چار افراد کی نمازِ جنازہ تہران میں ادا کر دی گئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق آیت اللّٰہ جعفر سبحانی نے شہید سپریم لیڈر کی نمازِ جنازہ پڑھائی، جس میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان، پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، اعلیٰ حکام، غیر ملکی وفود اور لاکھوں سوگواروں نے شرکت کی۔
رپورٹس کے مطابق نمازِ جنازہ میں تقریباً 100 ممالک کے نمائندہ وفود بھی شریک ہوئے، جبکہ جنازہ گاہ اور تہران کی سڑکوں پر سیاہ لباس میں ملبوس سوگواروں نے سرخ پرچم لہرا کر شہید رہبر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ایرانی حکام کے مطابق جنازے کا جلوس کل صبح تہران سے قم روانہ ہوگا، جبکہ تدفین سے قبل میت کو عراق کے مقدس شہروں نجف اور کربلا لے جایا جائے گا۔ بعد ازاں آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کو مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے مبینہ مشترکہ حملے میں رواں برس 28 فروری کو آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای شہید ہوئے تھے، جس کے بعد تقریباً ایک ہفتے کے اندر نئے سپریم لیڈر کا انتخاب کر لیا گیا تھا، تاہم ان کی تدفین مؤخر کر دی گئی تھی۔

