لاہورپریس کلب کے ممبران اور ان کے اہلخانہ کو بیرون ممالک تعلیمی سرگرمیوں میں مدد اورپریس کلب کی صحافتی کمیونٹی کی فلاح کیلئے انٹرنیشنل میڈیافورم اور لاہورپریس کلب کے مابین معاہدہ طے پاگیا ہے ۔مفاہمتی یادداشت کی تقریب میں انٹرنیشنل میڈیا فورم کی سی ای او نعیمہ لاشاری اور لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے دستاویزات پر دستخط کئے۔

معاہدے کے مطابق ممبران کی تقریبا 40 ہزارپونڈ کی لائف انشورنس اور ان کے اہلخانہ کو بیرون ممالک تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے میں بھی مدد فراہم کی جائے گی۔تقریب میں صدرارشد انصاری ، نائب صدر صائمہ نواز ، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ اور ممبرگورننگ باڈی رانا شہزاد سمیت ممبران نے شرکت کی ۔ صدر ارشد انصاری نے لاہورپریس کلب کے ممبران اور ان کے اہلخانہ کو سہولیات مہیاکرنے پر نعیمہ لاشاری کا شکریہ ادا کیا اور انھیں کلب کی اعزازی ممبرشپ سرٹیفکیٹ دیاجبکہ جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ کو معاہدے کے لئے کاوش کرنے پر سراہا۔

