صنعاء ایئرپورٹ پر حملے کے بعد یمن کے تمام ہوائی اڈے غیر معینہ مدت تک بند

عدن (انادولو ایجنسی/رائٹرز) یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے ماتحت جنرل سول ایوی ایشن اینڈ میٹرولوجی اتھارٹی نے صنعاء انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کے بعد ملک بھر کے تمام ہوائی اڈے فضائی آمدورفت کیلئے غیر معینہ مدت تک بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

یمنی حکام کے مطابق تمام ملکی ہوائی اڈوں کو فضائی ٹریفک کیلئے بند کرنے کا باضابطہ نوٹس جاری کر دیا گیا ہے اور یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ اطلاع تک کسی بھی ہوائی اڈے پر پروازوں کی آمدورفت کی اجازت نہیں ہوگی۔

یمن کی صدارتی قیادت کے سربراہ رشاد العلیمی نے کہا ہے کہ یمن اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کریگا خواہ معاملہ صنعاء ایئرپورٹ کا ہو یا ملک کے کسی دوسرے ہوائی اڈے کا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی خودمختاری کے خلاف کسی بھی اقدام کا مقابلہ کرے گی، تاہم کوشش کی گئی ہے کہ کشیدگی مزید نہ بڑھے۔

اس سے قبل یمنی حکام نے بتایا تھا کہ صنعاء ایئرپورٹ کے رن وے کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب ایک ایرانی طیارے کو وہاں اترنے سے روکنے کی کارروائی کی جا رہی تھی، جس کے بعد حوثی گروپ نے اس اقدام پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی دھمکی دی۔