غزہ:اسرائیلی آبادکار کی ہلاکت، اسرائیلی فوج کی فائرنگ، 4 فلسطینی شہید

مقبوضہ بیت المقدس (رائٹرز، اے ایف پی، الجزیرہ) فلسطینی اتھارٹی کے زیر انتظام مغربی کنارے میں ایک اسرائیلی آبادکار کی ہلاکت کے بعد اسرائیلی فوج نے بڑے پیمانے پر کارروائی کی تیاری شروع کر دی ہے، فوجیوں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ اضافی دستے بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ رات بھی اسرائیلی آبادکاروں نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے گھروں پر قبضے کی کوشش کی، جس کے دوران فلسطینیوں اور اسرائیلی آبادکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

رپورٹس کے مطابق جھڑپوں میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ ایک اسرائیلی آبادکار ہلاک ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ مسلح اسرائیلی آبادکاروں نے فلسطینی علاقے پر حملہ کیا، جس کے دوران ایک فلسطینی نے مزاحمت کرتے ہوئے ایک آبادکار کی بندوق چھین لی۔

رپورٹس کے مطابق جھڑپ کے دوران اسرائیلی آبادکار نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے ہلاک ہوا، جس کے بعد اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں پر فائرنگ کر دی۔فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 4 فلسطینی شہید ہو گئے۔