فرانس نے روسی آئل ٹینکر قبضے میں لے لیا، میکرون کی تصدیق

پیرس/ماسکو ( ایجنسیاں)فرانس نے ایک روسی آئل ٹینکر کو عالمی پابندیوں اور سمندری قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں قبضے میں لے لیا ہے، جس کی تصدیق صدر ایمانوئل میکرون نے کی ہے۔

صدر میکرون کے مطابق یہ کارروائی بحرِ اوقیانوس میں کی گئی اور اس میں برطانیہ سمیت کئی شراکت دار ممالک نے تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ روسی جہاز کی سرگرمیاں یوکرین کے خلاف جنگ میں معاونت کے زمرے میں آتی ہیں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے۔

فرانسیسی پراسیکیوٹرز کے مطابق جہاز کے کپتان نے بحریہ کے احکامات ماننے سے انکار کیا جبکہ جہاز کی رجسٹریشن اور پرچم کے حوالے سے بھی وضاحت فراہم نہیں کی گئی، جس پر مجرمانہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب روس نے اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے “غیر قانونی” اور “بین الاقوامی سمندری قزاقی” قرار دیا ہے۔کریملن کے مطابق ایسے اقدامات بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں اور روس اپنے تجارتی بحری جہازوں کے تحفظ کیلئےضروری اقدامات کریگا۔