فلوریڈا (اے پی، رائٹرز) امریکی ریاست فلوریڈا کی پام بیچ کاؤنٹی کے علاقے گرین ایکر میں 9 افراد کو لے جانے والا نجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں طیارے میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق طیارہ اتوار کی دوپہر تقریباً 12 بج کر 50 منٹ پر رہائشی علاقے میں گرا اور زمین سے ٹکراتے ہی آگ کے بڑے شعلوں میں گھر گیا۔ حادثے کے باعث سڑک پر بڑا گڑھا پڑ گیا جبکہ طیارے کا ملبہ اطراف میں پھیل گیا۔
امریکی وفاقی محکمہ ہوا بازی کے مطابق طیارہ ٹیکساس کے شہر آسٹن سے بہاماس کے جزیرے نارتھ الیوتھیرا جا رہا تھا۔ یہ طیارہ لیئر جیٹ 60 تھا۔امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے تصدیق کی کہ طیارے میں سوار تمام 9 افراد ہلاک ہوگئے۔ حکام کے مطابق حادثے کے وقت زمین پر موجود کسی شخص کے زخمی ہونے یا ہلاکت کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی تھی۔
حادثے کے بعد امدادی اداروں نے جائے وقوعہ پر کارروائیاں شروع کردیں جبکہ متعلقہ سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کردی گئیں۔ امریکی وفاقی محکمہ ہوا بازی اور قومی ادارہ برائے تحفظِ نقل و حمل حادثے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

