میامی، امریکا (رائٹرز/فیفا) فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے تیسرے نمبر کے میچ میں انگلینڈ نے فرانس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے کر تیسری پوزیشن اپنے نام کر لی۔
میامی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم کپتان ہیری کین سمیت سات تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری اور آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ تیسرے منٹ میں ڈیکلن رائس نے گول کر کے انگلینڈ کو برتری دلائی۔
ابتدائی خسارے کے بعد فرانس نے جوابی حملوں کی کوشش کی، تاہم انگلینڈ کے گول کیپر نے عمدہ دفاع کرتے ہوئے کئی مواقع ناکام بنا دیے۔
انگلینڈ نے برتری حاصل کرنے کے بعد بھی جارحانہ حکمت عملی برقرار رکھی۔ کونسا نے 18ویں منٹ میں دوسرا، بوکایو ساکا نے 37ویں منٹ میں تیسرا اور پہلے ہاف کے انجری ٹائم میں چوتھا گول کر کے اپنی ٹیم کو 4-0 کی برتری دلا دی۔
دوسرے ہاف میں فرانس نے بھرپور واپسی کی کوشش کی۔ کائلیان ایمباپے نے پہلا گول اسکور کیا، اس کے بعد بریڈلی بارکولا نے دوسرا جبکہ ایمباپے نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کیا۔انگلینڈ کو ملنے والی پنالٹی پر بوکایو ساکا نے گول کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور ٹیم کا پانچواں گول اسکور کیا، جبکہ فرانس کی جانب سے چوتھا گول عثمان دیمبیلے نے کیا۔
میچ کے آخری لمحات میں جوڈ بیلنگھم نے انگلینڈ کی جانب سے چھٹا گول کر کے اپنی ٹیم کی 4-6 سے کامیابی یقینی بنا دی۔فیفا کے مطابق ورلڈ کپ کی تاریخ میں تیسری پوزیشن کے میچ میں مجموعی طور پر 10 گول پہلی مرتبہ اسکور کیے گئے، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔

