فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی صدر کی ملاقات: امن اقدامات کے فروغ پر تبادلہ خیال

راولپنڈی( آئی ایس پی آر)ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی ہے، جس میں خطے کی صورتحال، امن اقدامات اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران ایرانی صدر نے پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے مذاکرات کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے لیے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی صدر نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کا بھی اعتراف کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ اور مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔