لارنس بشنوئی گینگ: فرانس میں قریبی ساتھی گرفتار، کینیڈا سےرکن کی بے دخلی کا حکم

ٹورنٹو( بین الاقوامی میڈیا)بھارتی بدنامِ زمانہ لارنس بشنوئی گینگ کے خلاف عالمی سطح پر کریک ڈاؤن مزید تیز ہو گیا ہے۔ امریکا کے بعد فرانس اور کینیڈا نے بھی گینگ سے وابستہ افراد کے خلاف اہم کارروائیاں کی ہیں۔

کینیڈین رائل ماؤنٹڈ پولیس (RCMP) کے مطابق گینگ سے منسلک گریندر دیو کو فرانس میں گرفتار کر لیا گیا ہے، جسے کینیڈا منتقل کرنے کیلئےحوالگیٔ ملزمان (Extradition) کا عمل شروع کیا جائے گا۔

امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق 40 سالہ گریندر دیو، جو “ڈاکٹر”، “راکٹ” اور “رِٹز کارلٹن” کے ناموں سے بھی جانا جاتا ہے، گینگ کے مالیاتی اور منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورک میں اہم کردار ادا کرتا تھا۔ اس پر جنوبی کیلیفورنیا سے امریکا کے مشرقی علاقوں تک بڑی مقدار میں کوکین اور ہیروئن اسمگل کرنے کا الزام ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جون 2025ء میں امریکا میں تقریباً 99.2 کلوگرام کوکین اور 1 کلوگرام ہیروئن کی کھیپ ضبط کی گئی تھی، جس کے مقدمے میں گریندر دیو کو نامزد ملزم قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب کینیڈا کے امیگریشن اینڈ ریفیوجی بورڈ نے گینگ کے مبینہ رکن جشندیپ سنگھ کو بھارت واپس بھیجنے کا حکم دیا ہے۔

جشندیپ سنگھ پر کامیڈین کپل شرما کے کیفے پر فائرنگ میں استعمال ہونے والا ہتھیار چھپانے میں مدد دینے کا الزام ہے، تاہم اس کے خلاف تاحال کوئی باضابطہ فوجداری مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ جشندیپ سنگھ، جو 2022ء میں اسٹوڈنٹ ویزے پر کینیڈا آیا تھا، نے اپنے خلاف عائد تمام الزامات مسترد کر دیے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گینگ سے منسلک ارشدیپ سنگھ کو بھی کینیڈا سے بھارت ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔رپورٹس کے مطابق فرانس، امریکا، کینیڈا اور یورپ میں ہونے والی حالیہ کارروائیاں لارنس بشنوئی گینگ اور اس کے بین الاقوامی جرائم پیشہ نیٹ ورک کے خلاف جاری وسیع کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں۔

رواں ہفتے بین الاقوامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائی میں امریکا، کینیڈا اور یورپ سے مجموعی طور پر 24 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے، جن پر قتل، منشیات اسمگلنگ، بھتہ خوری اور سرحد پار جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔