لاہور: 2 غیر ملکی خواتین سے مبینہ زیادتی اور اغوا کا مقدمہ، رضا ڈار سمیت 8 ملزمان پر فردِ جرم عائد

لاہور (وقائع نگارخصوصی) لاہور کی سیشن عدالت نے دو غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور اجتماعی زیادتی کے مقدمے میں رضا ڈار سمیت 8 ملزمان پر فردِ جرم عائد کردی، تاہم تمام ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کردیا۔

ایڈیشنل سیشن جج رفاقت علی گوندل نے مقدمے کی سماعت کی، اس موقع پر جیل حکام نے تمام 8 ملزمان کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے استغاثہ کے گواہوں کو بیانات قلم بند کرانے کے لیے 9 دسمبر کو طلب کرلیا۔

مقدمے کے مطابق دونوں غیر ملکی خواتین کا تعلق نیدرلینڈز اور وینزویلا سے ہے۔ خواتین نے الزام عائد کیا تھا کہ انہیں لاہور میں اغوا کرکے حبسِ بے جا میں رکھا گیا اور ان سے مبینہ زیادتی کی گئی۔

واضح رہے کہ پولیس نے اپنی تفتیشی رپورٹ میں پانچ ملزمان کو جنسی زیادتی کے الزامات سے بری الذمہ قرار دیتے ہوئے ان کیخلاف حبسِ بے جا اور بھتہ خوری کے الزامات برقرار رکھے تھے جبکہ تین دیگر ملزمان پر خواتین سے زیادتی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔عدالت میں فردِ جرم عائد ہونے کے بعد مقدمے کی باقاعدہ سماعت اور گواہوں کے بیانات قلم بند کرنے کا مرحلہ شروع ہوگا۔