لبنان پر اسرائیلی حملے جاری، نئی جنگ بندی کے باوجود ہلاکتیں

بیروت / غزہ / تہران( رائٹرز، الجزیرہ، غیر ملکی میڈیا رپورٹس)لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ جنگ بندی کے اعلان کے باوجود جاری ہے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ حملے اس وقت ہوئے جب لبنانی حکام نے واشنگٹن میں ہونیوالے مذاکرات کے بعد جنگ روکنے پر اتفاق کیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق لبنان میں ہونے والے ان حملوں میں شہری آبادی متاثر ہوئی ہے، جب کہ امدادی ادارے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جنگ بندی، جو ابھی مکمل طور پر نافذ نہیں ہو سکی، اس پر ردعمل دیتے ہوئے حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ یہ معاہدہ لبنان کیلئے”ہتھیار ڈالنے اور شکست” کے مترادف ہے اور جب تک اسرائیل حملے جاری رکھے گا شمالی اسرائیل خطرے میں رہے گا۔

ایران کی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے ایک کمانڈر نے کہا ہے کہ حزب اللہ کم از کم اس بات پر قائم ہے کہ اسرائیل کو ان پوزیشنز پر واپس جانا ہوگا جو فروری کے آخر میں شروع ہونے والی جنگ سے پہلے تھیں۔

دوسری جانب غزہ میں صورتحال مزید سنگین ہے، جہاں غزہ وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں کم از کم 11 فلسطینی جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔