لودھراں کے قریب مال گاڑی کی 4 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، ٹرینوں کی آمدورفت متاثر

لودھراں (نامہ نگار)لودھراں میں رکن پور کے قریب کراچی سے ساہیوال جانیوالی یوسف والا کوئلہ بردار مال گاڑی کی 4 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے باعث لودھراں، خانیوال ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوگئی۔

حادثہ گزشتہ رات پیش آیا، جس کے بعد مین لائن کا اپ ٹریک بند ہوگیا۔ واقعے کے 7 گھنٹے بعد بھی ٹریک بحال نہ ہوسکا اور امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔

ریلوے ترجمان کے مطابق امدادی ٹرینیں جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہیں اور پٹڑی سے اترنے والی بوگیوں کو ہٹانے اور ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے۔اپ ٹریک بند ہونے کے باعث تیزگام اور علامہ اقبال ایکسپریس سمیت متعدد مسافر ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔