مارک کارنی نیویارک روانہ:کینیڈا کو سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک بنانے کی کوشش

اوٹاوا(دی کینیڈین پریس)کینیڈا کے وزیرِ اعظم مارک کارنی بدھ اور جمعرات کو نیویارک کا دورہ کریں گے جہاں وہ کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کر کے کینیڈا میں مزید سرمایہ کاری کی کوشش کریں گے۔

وزیرِ اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مارک کارنی مختلف کمپنیوں کے سربراہان، کاروباری رہنماؤں، سرمایہ کاروں اور مالیاتی منتظمین سے ملاقات کریں گے اور کینیڈا کو سرمایہ کاری کے لیے موزوں ملک کے طور پر پیش کریں گے۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب کینیڈا، امریکا اور میکسیکو کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کے لازمی جائزہ مرحلے کا آغاز چند ہفتوں بعد متوقع ہے، جبکہ امریکی محصولات کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تجارتی کشیدگی بھی جاری ہے۔

وزیرِ اعظم مارک کارنی جمعرات کو نیویارک کے اکنامک کلب سے خطاب بھی کریں گے، جس میں وہ کینیڈا کی نئی معاشی حکمتِ عملی اور اس پر ہونے والی پیش رفت پر اظہارِ خیال کریں گے۔