مارک کارنی کی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ناکافی ہے : پیئر پوئیلیور

اوٹاوا (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم مارک کارنی کی جانب سے کئے گئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعداپوزیشن کنزرویٹو جماعت نے مزید بڑے پیمانے پر ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

یہ مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ہاؤس آف کامنز میں اپوزیشن کی جانب سے ایک قرارداد پر بحث جاری ہے جس میں سال کے اختتام تک تمام فیڈرل فیول ٹیکسز ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

کنزرویٹو رہنما پیئر پوئیلیور نے وزیراعظم کے اعلان کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ مقدار کے لحاظ سے کافی ہے اور نہ ہی مدت کے لحاظ سے۔انہوں نے کہا، “یہ کافی نہیں، کینیڈین اپنے ٹینک بھرنے کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے، ہم چاہتے ہیں کہ سال کے باقی حصے کیلئے تمام گیس ٹیکس ختم کیے جائیں۔”

کنزرویٹو پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ فیول پر عائد 5 فیصد گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) بھی سال کے اختتام تک معطل کیا جائے۔مزید برآں پارٹی نے صنعتی کاربن قیمت اور کلین فیول سے متعلق ضوابط کو مستقل طور پر ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

کنزرویٹو مؤقف کے مطابق اگرچہ یہ ضوابط براہ راست ٹیکس نہیں ہیں، تاہم یہ پیداوار کنندگان اور درآمد کنندگان کو ایندھن میں کاربن کی مقدار کم کرنے کا پابند بناتے ہیں جس سے فی لیٹر ایندھن کی قیمت میں اضافہ ہوتا ہے۔