ماسکو (غیر ملکی میڈیا) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ ایران جنگ سے خطے کے دیگر ممالک کے شہری بھی متاثر ہوئے، جبکہ مشرق وسطیٰ اور لاطینی امریکا میں پیش آنے والے واقعات عالمی غلبہ برقرار رکھنے کی کوشش ہیں۔
ماسکو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا نے لاطینی امریکا اور مشرق وسطیٰ میں نہایت ڈرامائی واقعات دیکھے ہیں، مسئلہ فلسطین 1948 میں حل ہوتا نظر آیا تھا مگر موجودہ حالات ناانصافی پر مبنی ہیں۔
سرگئی لاروف کا کہنا تھا کہ روس مسلم اور عرب ممالک کے ساتھ مل کر امن کے قیام کی کوشش جاری رکھے گا، جبکہ خلیجی سیکیورٹی سے متعلق طویل المدتی منصوبے پہلے ہی موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خلیجی سیکیورٹی منصوبہ پانچ عرب ممالک اور ایران کے درمیان باہمی تعاون پر مبنی ہے، جبکہ چین کے ساتھ ہمہ جہت شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔روسی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ شمالی کوریا کے ساتھ بھی عملی معاہدہ موجود ہے۔

