مانچسٹر ایئرپورٹ پر دو خواتین پولیس افسران پر حملہ کرنے والے نوجوان کو قید کی سزا

لندن( بی بی سی، برطانوی میڈیا)برطانیہ کی ایک عدالت نے مانچسٹر ایئرپورٹ پر دو خواتین پولیس افسران پر حملہ کرنے کے جرم میں 21 سالہ محمد فاہر عماز کو ساڑھے تین سال قید کی سزا سنا دی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق واقعے کے دوران محمد فاہر عماز نے ایک خاتون پولیس افسر کو مکا مارا، جس کے نتیجے میں ان کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی، جبکہ دوسری خاتون افسر بھی حملے میں زخمی ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹ پر جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب محمد فاہر عماز نے ایک ایسے شخص کو روک کر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا جس پر ان کی والدہ کیخلاف نسلی تعصب پر مبنی نازیبا الفاظ استعمال کرنے کا الزام تھا۔

بعد ازاں پولیس کی مداخلت کے دوران صورتحال کشیدہ ہوگئی اور محمد فاہر عماز پر دو خواتین پولیس افسران پر حملے سمیت دیگر الزامات عائد کیے گئے، جن پر عدالت نے انہیں مجرم قرار دیتے ہوئے ساڑھے تین سال قید کی سزا سنائی۔