واشنگٹن( الجزیرہ، امریکی میڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کرنے والی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی معاہدے میں جلد بازی نہ کی جائے کیونکہ “وقت امریکا کے حق میں ہے”۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی اس وقت تک مکمل طور پر برقرار رہے گی جب تک ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ طے، تصدیق اور دستخط نہیں ہو جاتا۔الجزیرہ کی واشنگٹن ٹیم کے مطابق ایران کے ساتھ دوبارہ جنگ کا خطرہ موجود ہے کیونکہ امریکی صدر نے فوجی کارروائی کے امکان کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور بہت جلد متوقع ہے۔دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان پر فضائی حملے بھی جاری ہیں۔ رپورٹس کے مطابق جنگ بندی کے باوجود 2 مارچ سے اب تک کم از کم 3 ہزار 123 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔

