واشنگٹن(امریکی میڈیا، خبر ایجنسیاں)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ مذاکرات ناکام ہوئے تو امریکا طاقتور فوجی آپریشن کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سفارت کاری کو زیادہ وقت نہیں دیں گے، مذاکرات تیزی سے ہونے چاہییں، ورنہ پھر بالکل نہیں ہوں گے۔
امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے جمعہ کے روز ایران پر مجوزہ حملہ اس لیے روک دیا تھا کیونکہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے ثالثی کرنے والے ممالک نے ان سے ایسا کرنے کی درخواست کی تھی۔
صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں مزید کہا کہ ایران سے معاملہ کرنے والے تمام فریقوں نے ان سے کہا تھا کہ حملہ نہ کیا جائے۔دوسری جانب ایران نے امریکا پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن اسرائیل کے اثر و رسوخ میں آ کر شروع کی گئی پانچ ماہ طویل جنگ میں پھنس چکا ہے، مشکلات کا شکار ہے اور بالآخر اسے اس کی قیمت چکانا پڑے گی۔

