مریم نواز کے زیرِ استعمال گلف اسٹریم جی 500 طیارہ پاک فضائیہ کے سپرد کرنے کا فیصلہ

لاہور (خبر ایجنسیاں) پنجاب کابینہ نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے زیرِ استعمال سرکاری گلف اسٹریم جی 500 طیارے کا آپریشنل کنٹرول اور دیکھ بھال کی ذمہ داری پاک فضائیہ کے سپرد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق پنجاب حکومت کے وی آئی پی فلائٹ ونگ کو جدید طیارے کے پیچیدہ نظام چلانے اور اس کی دیکھ بھال میں تکنیکی مشکلات کا سامنا تھا۔ طیارے کے محفوظ اور مؤثر آپریشن کے لیے خصوصی مہارت، تربیت یافتہ عملے اور جدید سہولتوں کی ضرورت تھی، جو پاک فضائیہ کے پاس موجود ہیں۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ طیارہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے رجسٹر سے خارج کیا جا چکا ہے، جبکہ پاک فضائیہ نے اسے اپنا ٹیل نمبر بھی الاٹ کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ پاک فضائیہ کے 3 حاضر سروس پائلٹس کی خدمات عارضی تعیناتی پر پنجاب حکومت کے حوالے کی گئی ہیں، جو صوبائی حکومت کے پائلٹس کے ساتھ مل کر طیارے کی پروازیں انجام دے رہے ہیں۔

پنجاب کابینہ نے طیارے کا آپریشنل کنٹرول اور دیکھ بھال پاک فضائیہ کو منتقل کرنے کی تجویز کے ساتھ دونوں اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے مسودے کی بھی منظوری دی ہے۔ اس یادداشت میں طیارے کی دیکھ بھال، تکنیکی امور اور مالی انتظامات سے متعلق ذمہ داریوں اور طریقہ کار کا تعین کیا جائے گا۔

حکومت پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری ویلفیئر، محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کو مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق اس انتظام کا مقصد طیارے کی محفوظ پرواز، مسلسل آپریشنل تیاری اور چوبیس گھنٹے دستیابی یقینی بنانا ہے۔