مکہ مکرمہ ( سعودی میڈیا، حرمین شریفین انتظامیہ)مسجد الحرام میں نئے ہجری سال کے آغاز پر غلافِ کعبہ کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں حرمین شریفین انتظامیہ اور کسوہ فیکٹری کے ماہرین نے حصہ لیا۔
رپورٹس کے مطابق غلافِ کعبہ کی تبدیلی کے عمل میں کسوہ فیکٹری کے 250 ماہرین اور حرمین شریفین کے کارکنان شریک ہوئے، جبکہ نئے غلاف کو تبدیل کرنے کا مرحلہ تقریباً چار گھنٹوں میں مکمل کیا گیا۔
تقریب کے دوران مسجد الحرام میں آنے والے زائرین معمول کے مطابق طوافِ کعبہ، عبادات اور دعاؤں میں مصروف رہے اور انتظامیہ نے تبدیلی کے عمل کو منظم انداز میں مکمل کیا۔
حرمین شریفین انتظامیہ کے مطابق غلافِ کعبہ کی تبدیلی جدید تکنیکی اور حفاظتی انتظامات کے تحت انجام دی جاتی ہے تاکہ زائرین کی آمدورفت اور عبادات میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔
واضح رہے کہ 2022 سے غلافِ کعبہ کی سالانہ تبدیلی کی تقریب نئے اسلامی سال کے پہلے دن منعقد کی جا رہی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ تقریب یومِ عرفہ کے موقع پر منعقد ہوتی تھی۔

