مصطفیٰ عامر قتل کیس: چھاپے میں زخمی ڈی ایس پی احسن ذوالفقار دم توڑ گئے

کراچی (بیورورپورٹ)مصطفیٰ عامر قتل کیس میں ملزم ارمغان کے گھر پر چھاپے کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے والے ڈی ایس پی احسن ذوالفقار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ساؤتھ کے مطابق ڈی ایس پی احسن ذوالفقار کافی عرصے سے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

پولیس کے مطابق 8 فروری 2025 کو ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا گیا تھا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ڈی ایس پی احسن ذوالفقار اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔پولیس کی کئی گھنٹوں کی کارروائی کے بعد ملزم ارمغان کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ مصطفیٰ عامر 6 جنوری 2025 کو کراچی کے علاقے ڈیفنس سے لاپتہ ہوگئے تھے، جن کی لاش 14 فروری 2025 کو حب سے ملی تھی۔ پولیس کے مطابق مقتول کو اس کے بچپن کے دوستوں نے تشدد کے بعد گاڑی میں بٹھا کر جلا دیا تھا۔