اوٹاوا (گلوبل نیوز) کینیڈا نے مصنوعی ذہانت کے تحفظ اور اس سے وابستہ خطرات کی روک تھام کیلئےفرانس کی قیادت میں جاری کردہ بین الاقوامی اعلامیے پر دستخط کردیے ہیں، تاہم اس معاہدے میں قانونی پابندیوں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا کوئی مؤثر طریقہ کار شامل نہ ہونے پر ماہرین نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
گلوبل نیوز کے مطابق اس اعلامیے کا مقصد مصنوعی ذہانت کی جدید ٹیکنالوجی سے پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے کے لیے حکومتوں، تحقیقی اداروں اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے درمیان تعاون، معلومات کے تبادلے اور ہنگامی انتباہی نظام کو فروغ دینا ہے۔
فرانس کی قیادت میں ہونے والے اس اقدام کی حمایت کینیڈا، فن لینڈ، ناروے، نیدرلینڈز اور بحرین نے کی ہے، جبکہ اوپن اے آئی، اینتھروپک، مائیکروسافٹ اور کینیڈا کی کمپنی کوہیئر سمیت متعدد بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے بھی اعلامیے پر دستخط کیے ہیں۔
اعلامیے میں مصنوعی ذہانت کے جدید نظاموں کی جانچ کے لیے مشترکہ معیار وضع کرنے، ان کے ممکنہ خطرات کی معلومات عام کرنے، سائبر حملوں اور دیگر سنگین واقعات سے متعلق فوری اطلاعات کے تبادلے اور خطرناک صورتِ حال میں نظام بند کرنے کے حفاظتی انتظامات پر اتفاق کیا گیا ہے۔
تاہم یونیورسٹی آف اوٹاوا کے مرکز برائے قانون، ٹیکنالوجی اور معاشرے کے سربراہ فلوریان مارٹن بیریٹو نے معاہدے کی رضاکارانہ نوعیت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے بااختیار نگران ادارے اور مؤثر ضابطہ کار موجود نہیں ہوں گے تو ایسے وعدے کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ محض اعلامیے جاری کرنے سے مصنوعی ذہانت کی صنعت کو جواب دہ نہیں بنایا جاسکتا، اس کیلئےباقاعدہ نگرانی اور قانونی اقدامات ضروری ہیں۔
ماہرین کے مطابق اعلامیے میں خلاف ورزیوں پر سزاؤں، عمل درآمد کی مقررہ مدت اور مشترکہ نگرانی کے کسی خودمختار ادارے کا واضح ذکر نہیں کیا گیا، جس سے اس کے عملی اثرات محدود رہنے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی کی حکومت مصنوعی ذہانت کو ملکی معیشت اور ترقی کیلئے اہم قرار دیتی رہی ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی وعدوں کے ساتھ مؤثر ملکی قانون سازی اور نگرانی کا نظام بھی ضروری ہے۔

