پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے آج منائے جانے والے ’یوم سیاہ‘ کے موقع پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ملتان سے 3 رہنماؤں اور متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا، دوسری جانب پی ٹی آئی آج شام کو صوابی میں جلسہ کرے گی، جس کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
ڈویژنل ہیڈکوارٹر ملتان میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پنجاب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو قریشی، مخدوم زاہد بہار ہاشمی اور دلیر مہار کو گرفتار کرلیا، یہ رہنما یوم سیاہ کے موقع پر ریلی کی قیادت کر رہے تھے۔
زاہد بہار کے صاحبزادے قاسم ہاشمی نے گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملتان سے مہر بانو قریشی، مخدوم زاہد بہار ہاشمی اور دلیر مہار کو گرفتار کیا گیا، ان رہنماؤں کو 8 فروری کی احتجاجی ریلی کی قیادت کرنے کے دوران پولیس اپنے ساتھ لے گئی، کچھ کارکنان کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
مہر بانو قریشی کا پولیس کی حراست سے ویڈیو بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ ہمیں پتا نہیں کہاں لے کر جا رہے ہیں، تمام تھانے پیچھے رہ گئے ہیں، یہ ہمیں تھانے نہیں لے کر گئے۔

