مظفرگڑھ (نامہ نگار) ملتان میں گاڑی تلے کچل کر قتل کیے گئے 15 سالہ یتیم لڑکے وسیم کی نمازِ جنازہ رات گئے موضع دولت پور میں ادا کر دی گئی، جس کے بعد اسے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔نمازِ جنازہ میں مقتول کے قریبی رشتہ داروں اور یتیم خانے کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ وسیم کی میت اس کے چچا اور ماموں ملتان سے مظفرگڑھ لے کر آئے تھے۔
وسیم کے نانا غم سے نڈھال ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وسیم انتہائی شریف بچہ تھا۔ مقتول کے چچا نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وسیم کی والدہ کے علاوہ ایک چھوٹا بھائی اور ایک چھوٹی بہن بھی ہے۔ وہ تقریباً ساڑھے 5 سال سے یتیم خانے میں رہائش پذیر تھا۔وسیم کے لواحقین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور قتل میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
واضح رہے کہ ملتان میں 15 سالہ وسیم کو مبینہ طور پر بااثر ملزمان نے گاڑی تلے کچل کر قتل کر دیا تھا۔ ملزمان نے واقعے کو حادثہ ثابت کرنے کی کوشش کی، تاہم مختلف زاویوں سے حاصل ہونے والی متعدد نگرانی کیمروں کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد واقعے کو حادثہ قرار دینے کے دعوے پر سوالات اٹھے اور اسے دانستہ قتل قرار دیا گیا۔

