اسلام آباد(نامہ نگار)ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، عمران خان کو مرکزی ملزم قرار دیتے ہوئے چالان جمع کروا دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سمیت 11 ملزمان کے خلاف کیس اسلام آباد بینکنگ کورٹ میں زیر سماعت ہے، جہاں جج عبدالغفور کاکڑ کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔ رجسٹرار آفس کی جانب سے چالان کی اسکروٹنی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ کیس کی آئندہ سماعت کل مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب 190 ملین پاؤنڈ نیب کیس میں بھی پیشرفت ہوئی ہے، جس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیل کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں کل ہوگی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔وکیل کے مطابق 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کل صبح 11 بجے ہوگی، جبکہ اس سے قبل اس کیس میں 18 مرتبہ تاریخیں پڑ چکی ہیں اور ہر بار پراسیکیوشن کی جانب سے التوا کی درخواست دی جاتی رہی ہے۔

