مودی کی آمدپر اوسلو پارلیمنٹ کے سامنے کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کا احتجاج

اوسلو (ایجنسیاں)بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کے دورۂ ناروے کے موقع پر اوسلو میں واقع پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے کا اہتمام تحریک کشمیر ناروے سمیت مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماؤں نے کیا، جس میں خواتین، مردوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں، اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک، جبر اور ناانصافی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔مقررین نے کہا کہ بھارتی حکومت کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سلب کر رہی ہے اور عالمی برادری کو اس صورتحال کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دلانے کیلئےعملی اقدامات کریں اور نریندر مودی کے خلاف انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر کارروائی کی جائے۔احتجاجی مظاہرے میں ناروے کی حکومت سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ بھارت میں اقلیتوں کی صورتحال اور سیکولرازم کے معاملات پر بھارتی حکومت سے بات کرے۔