موٹرسائیکل حادثے نے 29 سالہ امریکی فٹنس انفلوئنسر کی جان لے لی

میامی (سوشل میڈیا)امریکی شہر میامی سے تعلق رکھنے والے معروف فٹنس انفلوئنسر لیام فٹزجیرالڈ موٹرسائیکل حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد 29 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ سوشل میڈیا پر ان کے ایک ملین سے زائد فالوورز تھے۔

ان کی گرل فرینڈ جیمی لین رینالڈی نے ہفتے 31 اکتوبر کو انسٹاگرام پر ایک پیغام کے ذریعے ان کی موت کی تصدیق کی۔ ان کے مطابق لیام 30 اکتوبر کو رات تقریباً 2 بجے دنیا سے رخصت ہوگئے۔

جیمی نے اپنے پیغام میں گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نقصان کے درد کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، یہ ان تمام افراد کے لیے انتہائی مشکل وقت ہے جو لیام سے محبت کرتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ موٹرسائیکل حادثے میں لیام کو شدید چوٹیں آئی تھیں اور انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی گئی، تاہم تمام تر کوششوں کے باوجود ان کی جان نہ بچائی جاسکی۔

لیام فٹزجیرالڈ اور ان کی گرل فرینڈ سوشل میڈیا پر اکثر موٹرسائیکلوں سے اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے رہتے تھے۔ میامی میں مقیم لیام انسٹاگرام پر فٹنس، طرزِ زندگی، فیشن اور مالی معاملات سے متعلق مواد شیئر کرتے تھے۔

وہ فٹنس کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے تھے اور اپنے صارفین کو انفرادی تربیت کی سہولت فراہم کرتے تھے۔