میانمار میں باغیوں کے زیرِ قبضہ گاؤں میں دھماکا، 55 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

نیپیداو( برطانوی میڈیا)میانمار میں باغیوں کے زیرِ قبضہ ایک گاؤں میں ہونے والے زور دار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 55 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دھماکا باغیوں کے زیرِ کنٹرول علاقے میں پیش آیا، جس کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور زخمیوں کو قریبی طبی مراکز منتقل کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 25 خواتین بھی شامل ہیں، جس سے جانی نقصان میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔تاحال دھماکے کی نوعیت اور اسباب کے بارے میں کوئی واضح معلومات سامنے نہیں آ سکیں، جبکہ مقامی حکام اور متعلقہ فریقین واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

میانمار گزشتہ چند برسوں سے سیاسی بحران اور مسلح جھڑپوں کا شکار ہے، جہاں مختلف علاقوں میں فوج اور باغی گروہوں کے درمیان کشیدگی اور تصادم کے واقعات مسلسل پیش آتے رہتے ہیں۔