کراچی (نمائندہ خصوصی)انسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایچ او امان اللہ سمیت 7 ملزمان کو ایک، ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران نامزد ملزمان کی درخواست ضمانت پر دلائل دیے گئے، جس کے بعد عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کو زر ضمانت جمع کرانے کے بعد جیل سے رہا کرنے کا حکم جاری کیا۔
ملزمان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ گرفتار پولیس اہلکاروں کے خلاف کسی بھی گواہ نے یہ بیان نہیں دیا کہ پولیس مقابلہ جعلی تھا، جبکہ حتمی شواہد نہ ہونے کی بنیاد پر ملزمان کو طویل عرصے تک جیل میں نہیں رکھا جا سکتا۔
وکیل کے مطابق مقدمے میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت 18 پولیس افسران و اہلکاروں کو پہلے ہی بری کیا جا چکا ہے، جبکہ ساتوں مفرور ملزمان نے عدالت کے فیصلے کے بعد خود کو سرینڈر کیا تھا۔واضح رہے کہ نقیب اللہ کو 2018 میں ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کیا گیا تھا۔

