نیٹو نے مایوس کیا، ایران جنگ میں ہمیں کسی کی ضرورت نہیں تھی: ٹرمپ

انقرہ( بین الاقوامی میڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ نیٹو نے انہیں بہت مایوس کیا، جبکہ ایران کے ساتھ جنگ میں امریکا کو کسی کی مدد کی ضرورت نہیں تھی۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ انقرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور ترکیہ کے درمیان اچھے تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون پر بھی بات چیت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے یورپ کے تحفظ کے لیے نیٹو میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی، تاہم اتحاد کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔

اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ ایف-35 لڑاکا طیاروں کا معاملہ نیا نہیں اور اس حوالے سے امریکا سے پہلے بھی بات چیت ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کو پانچ ایف-35 طیاروں کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا تھا۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نیٹو اجلاس میں شرکت کے لیے انقرہ پہنچے، جہاں ترک صدر رجب طیب اردوان نے ان کا استقبال کیا۔