وائٹ ہاؤس کی غلطی عالمی توانائی اور تجارت کو مفلوج کرسکتی ہے:علی اکبر ولایتی

تہران(ایرانی میڈیا) ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے سینئر مشیر علی اکبر ولایتی نے خبردار کیا ہے کہ اگر وائٹ ہاؤس نے کوئی غلط قدم اٹھایا تو عالمی توانائی اور تجارتی بہاؤ ایک ہی وار میں مفلوج ہوسکتا ہے۔ولایتی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دھمکی آمیز اور غیر اخلاقی بیانات پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمتی محاذ کی متحدہ کمان باب المندب کو آبنائے ہُرمز کی طرح دیکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر غلطی کی گئی تو اس کے نتائج صرف ایران تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ عالمی توانائی اور تجارت کے اہم راستے بھی شدید متاثر ہوں گے۔اس سے قبل ایران کے اول نائب صدر محمدرضا عارف نے کہا تھا کہ صدر ٹرمپ ایران کو پاور پلانٹس اور پل تباہ کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور اپنی عوام کی فلاح و بہبود قربان کرکے دوسروں کو دھمکانے والا شخص پتھر کے زمانے میں پھنسا ہوا ہے۔

ایرانی عدلیہ نے بھی کہا کہ ایران کی استقامت اور مزاحمت نے ٹرمپ کو پاگل پن کے دہانے تک پہنچا دیا، اور صدر ٹرمپ کی زبان نے ایرانی عوام کی توہین کی ہے۔پاکستان میں ایرانی سفارتخانے نے امریکی صدر ٹرمپ کے مواخذے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے غیر متوازن رویے کی وجہ سے وہ اعلیٰ عہدے کی ذمہ داریاں نبھانے کے اہل نہیں، اور انہیں مواخذے کے ذریعے عہدے سے ہٹایا جانا چاہیے۔