واشنگٹن:11 ستمبر کے حملوں کو کبھی نہیں بھلایا جائے گا:ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن(بین الاقوامی خبر ایجنسیاں) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ گیارہ ستمبر کے حملوں کو کبھی بھلایا نہیں جائے گا۔صدر ٹرمپ نے پینٹاگون میں منعقدہ تعزیتی تقریب میں شرکت کی، جہاں گیارہ ستمبر کے دور کی قومی سلامتی مشیر کونڈولیزا رائس بھی موجود تھیں۔

صدر ٹرمپ نے امریکا پر طیارہ حملوں کے بعد شروع کی گئی دہشت گردی کے خلاف جنگ کو ایران کے خلاف موجودہ جنگ سے جوڑتے ہوئے کہا کہ امریکا آج اسی وجہ سے جنگ لڑ رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرسکے گا۔

امریکا پر طیارہ حملوں کی 25 ویں برسی نیویارک میں بھی منائی گئی، جس میں سابق صدر جارج ڈبلیو بش اور سابق صدور جو بائیڈن، براک اوباما اور بل کلنٹن نے شرکت کی۔تقریب میں موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ شریک نہیں ہوئے، تاہم ان کے نائب جے ڈی وینس موجود تھے۔

11 ستمبر 2001 کو نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر، پینٹاگون اور پنسلوینیا میں طیاروں کے ذریعے حملے کیے گئے تھے، جن میں تقریباً 3 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔حملوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور ہلاک ہونے والے افراد کے نام پکارے گئے۔